• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیس ایکس کا ساتواں تجرباتی خلائی مشن ناکام، اسٹار شپ تباہ

لاس اینجلس (اے پی پی) ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا ساتواں تجرباتی خلائی مشن ناکام ہوگیا۔ تجرباتی خلائی مشن اسٹار شپ خلائی سفر پر روانگی کے 8منٹ بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ آکسیجن سلنڈر میں لیکیج کی وجہ سے پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے باوجود آئندہ ماہ ہونے والے تجربے کو موخر نہیں کیا جائے گا اور اگلی بار مزید احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں گی۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے احتیاط کے طور پر علاقے میں فضائی ٹریفک کو موڑ دیا۔ اسپیس ایکس نے کہا ہے کہ حادثے کے باوجود اس کا عملہ لانچ کی جگہ پر اپنے مکینکل کاپ سٹکس کا استعمال کرتے ہوئے سپر ہیوی بوسٹر کو واپس اتارنے میں کامیاب رہا۔ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس مریخ پر انسانی مشن بھیجنے کیلئے کوشاں ہے اور اسٹار شپ نامی دنیا کے سب سے بڑے راکٹ کا تجربہ اس سلسلے کی کڑی ہے۔ساتویں تجرباتی خلائی مشن کو لے جانے والا راکٹ جنوبی ٹیکساس سے کامیابی کے ساتھ روانہ ہوا ،تاہم پرواز کے تقریباً 8 منٹ بعد اس کامواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا، جبکہ سپر ہیوی بوسٹر بحفاظت زمین پر دیو ہیکل کاپ اسٹکس میں واپس آگیا ،تو آسمان سے ملبے کے ٹکرے گرتے ہوئے دیکھے گئے۔ ایلون مسک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسٹارشپ کے انجن کی فائر وال کے اوپر موجود جگہ میں آکسیجن؍ایندھن کے رساؤ نے وینٹنگ کی صلاحیت پر زیادہ دباؤ بڑھا دیا تھا ،جو بالآخر راکٹ کے ٹوٹنے کا باعث بنا۔ انہوں نے کہا کہ لیک کی د ہری جانچ کے علاوہ، ہم اس حجم میں آگ کا دباؤ برداشت کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لئے ممکنہ طور پر وینٹ ایریا میں اضافہ کریں گے ۔
اہم خبریں سے مزید