واشنگٹن ( جنگ نیوز) امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کےلیے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی نامزد سیکریٹری کرسٹی نیوم نے کہا ہے کہ جنوبی سرحد پر کمزوری ملک کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ اپنے ابتدائی بیان میں انہوں نے جنوبی سرحد کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی "ذمہ داری ہے کہ وہ ان افراد سے اپنی سرحدوں کی حفاظت کرے جو ہمیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں"تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام منصفانہ اور قانونی ہونا چاہیے۔ ہم سب اس بات سے متفق ہیں کہ ہمارے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے لیے سب سے بڑا خطرہ جنوبی سرحد ہے،" ۔نیوم جو جنوبی ڈکوٹا کی گورنر ہیں وہ اس محکمے کی سربراہ ہوں گی، جو کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) جیسے اداروں کی نگرانی کرے گا، جو حالیہ برسوں میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نمٹنے کی امریکی کوششوں میں صفِ اول پر ہیں۔یہ محکمہ سائبر سیکیورٹی، دہشت گردی، اور وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ جیسے شعبوں کی بھی قیادت کرتا ہے۔