نیویارک (عظیم ایم میاں) صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے لئے دعوت نامے جاری کرنے والی کمیٹی اور شرکت کیلئے دعوت نامے پانے والوں میں پاکستانی امریکنز بھی شامل ہیں جبکہ عوامی تقریبات کے ’’ٹکٹ‘‘ کے لئے پی ٹی آئی کے حامیوں اوردیگر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے آن لائن درخواستیں دائر کی تھیں۔ تقریب کی افتتاحی کمیٹی کے واشنگٹن کے دفتر میں ری پبلکن پارٹی میں سرگرم نوجوان علی اعوان دعوت ناموں اور دیگر حوالوں سے ذمہ داریاں ادا کررہا ہے جبکہ اس تقریب حلف وفاداری کی افتتاحی کمیٹی کی جانب سے تمام تر سیکورٹی کلیئرنس کے بعد جن 9؍ شخصیات کو دعوت نامے اور پروگرام کی تفصیلات پر مبنی دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں ان میں ایک ممتازپاکستانی بزنس مین ڈاکٹر عابد شیخ بھی شامل ہیں۔ افتتاحی کمیٹی میں سرگرم نوجوان پاکستانی امریکن علی اعوان ایک عرصہ سے ری پبلکن پارٹی میں سرگرم ہیں۔ آبائی شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے اور لاہور کے ایچی سن کالج میں تعلیم پانے والے علی اعوان نے جنگ /جیو سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے لئے افتتاحی کمیٹی میں ذمہ داریاں دیئے جانے پر اسے ایک اعزاز قرار دیا ہے البتہ سیکورٹی کے تقاضوں کے باعث سوالات کو نظرانداز کیا، پاکستانی امریکن ڈاکٹر عابد شیخ پاکستان کے دورے پر ہیں جنگ /جیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے امریکا واپسی کے لئے فلائٹ بک کروالی ہے تاکہ وہ صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوسکیں۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور ڈاکٹر عابد شیخ کوملنے والے دعوت نامے کمیٹی کی جانب سے خصوصی دعوت نامے ہیں جبکہ عوامی تقریبات میں شرکت کے لئے ’’ٹکٹ‘‘ سیکورٹی کلیئرنس کے بعد آن لائن جاری کئے گئے ہیں جو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے دعوت نامہ سے مختلف ہے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے یا نہیں؟ ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو تا حال کراچی میں ہیں اور اگلے روز اسلام آباد جانے کا پروگرام رکھتے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوسکیں۔ البتہ فروری کے آغاز میں واشنگٹن میں ہونےوالا سالانہ نیشنل دعائیہ ناشتہ کے اہم اجتماع میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی شرکت کی روایت کے مطابق شرکت کرسکتے ہیں۔