راولپنڈی (این این آئی)انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید ایک گواہ اے ایس آئی نور کا بیان ریکارڈ کرلیا۔ ایس آئی نور نے ملزمان سے برآمد ہونے والے ڈنڈے، لائٹر، ماچس اور جھنڈے عدالت میں پیش کیے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، مقدمہ میں نامزد ملزمان شیخ رشید، شیخ راشد شفیق، شہریار آفریدی اور راجہ بشارت عدالت پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت استغاثہ کے مزید ایک گواہ اے ایس آئی نور کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا، ملزمان سے برآمد مال مقدمہ بھی عدالت پیش کیا گیا، اے ایس آئی نور نے ملزمان سے برآمد ہونیوالے ڈنڈے، لائٹر، ماچس اور جھنڈے عدالت میں پیش کیے، مقدمہ میں مجموعی طور پر استغاثہ کے پانچ گواہان کی شہادت قلم بند کر لی گئی۔