کراچی ( جنگ نیوز) بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ، ہم القادر یونیورسٹی کو کسی بھی صورت اہل رائیونڈ اور نواز شریفیہ خاندان کے ہتھے نہیں چڑھنے دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ اس آمریت اور یحییٰخان پارٹ ٹو نہیں مانیں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ القادر ٹرسٹ نہ تو بلاول ہاؤس ہے اور نہ ایون فیلڈ ہاؤس ہے، انہوں نے کل القادر یونیورسٹی کے کیمپس سے طالب علموں کو نکالا اور جگہ چھین جسکی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پولیس کے ذریعے وہاں پر جو بدمعاشی کی جا رہی ہے اس کو روکا جائے، یہ یونیورسٹی غریبوں کی امانت ہے واپس ان تک پہنچا کر دم لیں گے، ہم القادر یونیورسٹی کو کسی بھی صورت اہل رائیونڈ اور نواز شریفیہ خاندان کے ہتھے نہیں چڑھنے دیں گے۔ ۔ بشرا بی بی گھریلو خاتون ہیں، روایات کے مطابق جو خواتین سیاست میں حصہ نہیں لیتیں ، ان کو ٹارگٹ نہیں کیا جاتا، یہاں اخلاقی گراوٹ آچکی ہے کہ اپ خواتین کو بھی ان معاملات میں نہیں بخشتے۔