کراچی (نیوز ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس کے ملزم کو چلتی ٹرین سے گرفتار کرلیا گیا، بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے ملزم کو ٹریس کیا جا رہا تھا، ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے اور اسے چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا گیا، ملزم دو روز تک کپڑے بدل بدل کر پولیس کو چکمہ دیتا رہا اور ممبئی میں گھومتا رہا۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سیف پر حملے کے 6 گھنٹے بعد ملزم نے صبح 9 بجے کے قریب دادر کے ایک اسٹور سے ہیڈ فون خریدے جو سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا۔ میڈیا کے مطابق یہی فوٹیج ملزم کی گرفتاری کا باعث بنی۔ بھارتی میڈیا نے ذرائع سے خبر دی ہے کہ مبینہ حملہ آور نے سیف پر حملے سے قبل ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر منت کی بھی 14 جنوری کو ریکی کی تھی لیکن وہ سخت سکیورٹی کے باعث گھر میں داخل ہونے میں ناکام ہوگیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے شاہ رخ خان کے گھر میں داخلے میں ناکامی پر سیف علی خان کو ٹارگٹ کیا اور ان کے باندرا والے گھر کی ریکی کی۔ سیف علی خان ممبئی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اور ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا تھا۔ اس حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ سیف کو ان کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان اسپتال لے کر گئے تھے لیکن اب ان خبروں کی تردید ہوگئی ہے۔