کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ملتان کی پچ پر سب سے مشکل بیٹنگ تھی، ایسا نہیں ہے کہ ہم جیت گئے تو سب ٹھیک ہے ، بہت چیزیں نوٹ کیں جسے بہتر کریں گے ۔ ہمیں کوشش کرنی ہوگی کہ مزید ٹیسٹ میچ کھیلیں۔ اتوار کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پچ پر تنقید بند کریں، ہم نے سوچا ہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھ سیریز ہوتی ہیں۔ تین ہوم گراؤنڈ اور تین باہر۔ ہوم گراؤنڈ کی سیریز ہم ایسے ہی جیتیں اور باہر جا کر کم سے کم ایک جیتیں اور ایک کم سے کم ڈرا کھیلیں تو فائنل میں جائیں گے ۔ یہ ہمارا حق ہے، ایسے ہی آئندہ کھیلیں گے، ہماری کارکردگی کی تعریف کریں۔ اگر ایک شعبے یعنی فاسٹ بولرز کیلئے اس میں کوئی مدد نہیں تو گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ بعض اوقات بیٹرز اور کہیں اسپنرز کیلئے مدد نہیں ہوتی۔ ہم نے ایک پالیسی اختیار کی ہے اس کو سپورٹ کریں۔ باقی ممالک بھی ایسا کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی پچ کیسی ہوگی اور کون سی ہوگی ابھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن ایسی ضرور ہونی چاہیے کہ جس پر ہم جیتیں۔ آپ میچ میں بیٹرز کو داد دیں جنہوں نے 141 کی شراکت بھی بنائی اور 50 سے زیادہ کی اننگز بھی کھیلی ۔ ہاں کمی رہ گئی ہے جیسے ہم نے 251 رنز کا ہدف دیا اسے 300 ہونا چاہیے تھا اور پہلی اننگز میں ہم 230 پر آؤٹ ہوئے۔ وہ کم سے کم 280 سے 300 اسکور ہونے چاہیے تھے۔