کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی اسپنرز نے ملتان کا قلعہ پاکستان کیلئے ناقابل تسخیر بنالیا۔ اسپنر کیلئے ساز گار پچ پر ساجد خان ، نعمان علی اور ابرار احمد نے تمام بیس وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف127رنز کی شاندار کامیابی دلوادی۔ پانچ دن کا ٹاسک صرف تین دن میں پورا کرلیا۔ دوسرا ٹیسٹ جمعے سے اسی گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔ واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد نے میچ میں ایک اوورز کرایا۔ پاکستانی اسپنرز کے سامنے مہمان بیٹرز بے بس دکھائی دیے۔ میچ کا فیصلہ سوا دو دن میں ہوگیا۔ ملتان ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے منفرد ریکارڈ بنا لیا۔ پاکستانی بولرز نے دونوں اننگز میں 371گیندیں کرائیں جو کہ پاکستان کا سب سے کم گیندیں کروا کر میچ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم نے فتح میں سب سے کم گیندیں بنگلہ دیش کے خلاف کرائی تھیں۔2005میں ملتان ہی میں بنگلہ دیشی بیٹرز صرف 494 گیندیں کھیل پائے تھے۔ ٹیسٹ کے دوسرے دن 19اور تیسرے دن تین گھنٹے میں 17وکٹیں گریں۔ مہمان ٹیم اتوار کو دوسری اننگز میں لنچ کے بعد123رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آف اسپنر ساجد خان جنہیں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد جنوبی افریقا کے دورے میں ڈراپ کردیا گیا تھا، انہوں نے پہلی اننگز میں65رنز دے کر چار اور دوسری اننگز میں50رنز دے کر 5وکٹیں لیں اور پلیئر آف دی میچ قرار دیے گئے۔ پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر چار ماہ میں مسلسل تیسرا ٹیسٹ جیتا ہے۔ پاکستان ٹیم دوسری باری میں 157 پر آؤٹ ہوئی اور ویسٹ انڈیز کو 251 رنز کا ہدف دیا جواب میں ویسٹ انڈیز ٹیم مزاحمت نہ کرسکی، مہمان ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار رہی، کپتان کریگ بریتھ ویٹ 12، میکوئل لوئس 13، کیچ کارٹی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صرف ایلک ایتھناز ہی مزاحمت کرسکے جنہوں نے 55 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ ابر ار احمد نے27رنز دے کر چار اور نعمان علی نے42رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ سلمان علی آغا نے غیر معمولی کچ لئے۔ اس سے قبل تیسرے دن کھیل کا آغاز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز سے کیا۔ لیکن بقیہ سات بیٹسمین اسکور میں 48رنز کے اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔ دن کی پہلی ہی گیند پر 5 ویں وکٹ گر گئی جب سعود شکیل 2 رنز بنا پویلین لوٹے۔ محمد رضوان 2، سلمان آغا 14، نعمان علی 9 اورساجد خان 5 اور خرم شہزاد بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، اسپنر جومیل واریکن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یہ ویسٹ انڈیز کے کسی بھی بولر کی پاکستانی سر زمین پر بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔