• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان، پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن، پاکستان کی پوزیشن مضبوط، مجموعی برتری 202 رنز ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملتان کی پچ پر اسپنرز کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔موسم بہتر ہونے کے بعدپاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن مجموعی طور پر19وکٹیں گریں جو پاکستان میں ایک ٹیسٹ میچ کے ایک دن میں گرنے والی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔پاکستانی اسپنرز نے تما م دس وکٹ حاصل کئے۔نعمان علی اور ساجد خان نے 9کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پچ مسلسل خراب ہورہی ہےاور بیٹنگ مشکل ترین ہورہی ہے۔ ہفتے کو دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر109رنز بنائے ہیں اور میزبان ٹیم کی برتری202رنز کی ہوگئی ہےاور پاکستان مضبوط پوزیشن میں ہے۔ 2003میں ملتان میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن 18کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے۔قبل ازیں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں230رنز پر آئوٹ ہوگئی جواب میں پاکستانی اسپنرز کے سامنے ویسٹ انڈین 137رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور پاکستان کو93رنز کی اہم برتری ملی۔ویسٹ انڈین ٹیم 152گیندوں (25.2اوورز)پر آوٹ ہوئی ۔پاکستان کی دوسری اننگز میں ڈیبیو کرنے والے محمد ہریرہ 29رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ سابق کپتان بابراعظم صرف 5رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود نےنصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 52 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔دن کے اختتام پر کامران غلام 9اور سعود شکیل 2رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل، پاکستانی اسپنرز نے تباہ کن بولنگ کراتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو جمنے نہیں دیا۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر آؤٹ ہوئی۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے39رنز دے کر پانچ اورساجد خان نے65رنز دے کر4؍وکٹیں حاصل کیں۔