لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز کے افسران کی ٹریننگ کے ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن(نیپا) پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج نے پنجاب حکومت کی طرف سے بنائے گئے ’’بزنس فیسلٹیشن سنٹرز‘‘ کو ایک رول ماڈل منصوبے کے طور پر پڑھانا شروع کر دیا ہے ۔ افسران کا ریسرچ گروپ علاقائی ممالک اور آسیان ریاستوں میں ریگولیٹری فریم ورک کا تقابلی تجزیہ کر یگا , نیپا میں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کرنے والے افسران نے ایک ریسرچ گروپ تشکیل دیا ہے جو صنعتی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئےچئیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ پنجاب اور سیکرٹری سپیشل انوسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کے موضوع پر کام کرے گا۔ یہ گروپ پاکستان اور خاص طور پر پنجاب میں صنعتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے موجودہ حصے بارے تجزیہ ،نئے صنعتی سیٹ اپ کے قیام اور موجودہ صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے اسے بڑھانے کے طریقوں کی نشاندہی ، صنعتی ترقی کے لیے سرمایہ کاری سے متعلق قانونی فریم ورک، تنظیمی ڈھانچے اور حالیہ پالیسی اقدامات کا جائزہ ، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز کو درپیش چیلنجوں کا جائزہ ، صنعتی ترقی کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اہداف کے ساتھ عمل درآمد کی ایک حقیقت پسندانہ حکمت عملی تیار کرنے سرمایہ کاری بڑھانے، موجودہ وسائل سے فائدہ اٹھانے اور خاص طور پر جنوبی ایشیا میں قومی اور بین الاقوامی بیسٹ پریکٹسز کو شامل کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک آپریشنل پلان مرتب کرے گا۔