• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای کا رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے ملٹی انٹری ویزا

دبئی ( سبط عارف) متحدہ عرب امارات نے رشتہ داروں اور دوستوں کیلئے نیا ملٹی انٹری وزٹ ویزا متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو بغیر کسی مقامی اسپانسر یا گارنٹر کے 30، 60یا 90 دنوں تک ملک میں قیام کی اجازت ہوگی۔اس اقدام سے پاکستانیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو عموماً اپنے خاندان یا ذاتی دوروں کیلئے یو اے ای ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔اس سکیم کے تحت، افراد قریبی رشتہ داروں جیسے والدین، بہن بھائیوں، بچوں یا شوہر/بیوی سے ملاقات کے لیے ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کو تعلقات کے ثبوت کے طور پر شادی یا پیدائش کے سرٹیفیکیٹس فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ دوست بھی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، لیکن انہیں ویزا کی درخواست کے دوران اس بات کی وضاحت دینی ہوگی کہ وہ کس اہم موقع یا وجہ سے آ رہے ہیں، جیسے کسی اہم تقریب میں شرکت یا قریبی دوستوں کے ساتھ وقت گزارناہے۔اہلیت کے لیے درخواست دہندگان کو مخصوص شرائط پوری کرنی ہوں گی جن میں پاسپورٹ کی کاپی (جو کم از کم چھ ماہ تک کی معیاد ہو) اور دو حالیہ تصاویر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مالیاتی دستاویزات بھی ضروری ہوں گی۔ملازمت پیشہ افراد کے لیے تنخواہ کی سرٹیفکیٹ یا ملازمت کے معاہدے کی ضرورت ہوگی۔کاروباری مالکان یا پارٹنرز کو شراکت داری کے معاہدے یا کاروباری لائسنس کی نقول فراہم کرنی ہوں گی۔ویزے کی فیس مندرجہ ذیل ہے: 30 دن کا ویزا: AED 300 (تقریباً PKR 22,755) جبکہ 60 دن کا ویزا: AED 500 (تقریباً PKR 37,925) اور 90 دن کا ویزا: AED 700 (تقریباً PKR 53,095) روپے کا ہےدرخواست دہندگان کو 2,000 AED (PKR 151,700) کی قابل واپسی مالی تحفظ جمع کرانا ہوگا، ساتھ ہی معمولی انتظامی چارجز بھی ہوں گے۔ ویزے کی مدت کے حساب سے طبی انشورنس کی فیس بھی ضروری ہوگی، جو AED 40 سے AED 90 (PKR 3,034 سے PKR 6,825) تک ہو سکتی ہے۔ویزے کے لیے درخواست GDRFA کی ویب سائٹ، موبائل ایپلیکیشن یا متحدہ عرب امارات کے مختلف کسٹمر سروس سینٹرز کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔ درخواست دہندگان کو درکار دستاویزات جمع کرنی ہوںگی، فیس ادا کرنی ہوگی اور تصدیق کے عمل کو مکمل کرنا ہوگا۔یہ ویزا خاص طور پر پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ہے جو یو اے ای میں اپنے خاندان یا دوستوں سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اور اس میں اسپانسرشپ کی پیچیدگیاں نہیں ہوںگی۔
اہم خبریں سے مزید