• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش قونصلیٹ کراچی میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق تقریب

کراچی(رپورٹ/ اخترعلی اختر ) برٹش قونصلیٹ کراچی میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق تقریب کا انعقاد ، شوبز اسٹارز ، کرکٹرز ، سفراء کی شرکت، مس پاکستان اریج چوہدری، اداکارہ ثروت گیلانی،فریحہ الطاف ،ایاز خان، امین گل جی، جاوید جباراور شعیب محمد توجہ کا مرکز بنے۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ مردوں کے حقوق پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق برٹش قونصلیٹ کراچی میں داود گلوبل فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ لیڈیز فنڈ کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں برطانیہ کے ڈیپٹی ہائی کمیشن سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےوالی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور برطانیہ کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر برطانیہ کےڈیپٹی ہائی کمیشن Martin Dawson نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داود گلوبل فاؤنڈیشن خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کئی برسوں سے کام کررہی ہے۔میں گزشتہ تین سالوں سے ان کی تقریبات میں شرکت کررہا ہوں۔تارا داود، خواتین کی تعلیم اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں فعال بنانے کے لیے کام کررہی ہیں۔ہم سب کوخواتین کے ساتھ ساتھ مردوں کے حقوق پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔تقریب میں شوبزنس کے ستاروں، کرکٹرز، مصور، سیاستدانوں سمیت مختلف ممالک کے سفیروں کی شرکت نے چار چاند لگادیئے تھے۔اس موقع پر تارا داود کا کہنا تھا کہ ہم نے 32 ممالک کی مالی مدد سے10 ہزار لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔سینکڑوں خواتین کو پائدار تجارت کا حصہ بننے کے لیے تربیت دی۔لیڈیز فنڈ کے تحت خصوصی افراد میں 5 ہزار وہیل چیئر تقسیم کیں۔ہم کمیونٹی میں پائی جانے والی عدم مساوات کے خلاف آواز آٹھاتے رہیں گے۔لوگوں کی سوچ اور رویے میں تبدیلی کے لیے ان کی ذہن سازی کرنا ہوگی، کیونکہ جب تک لوگوں کی سوچ نہیں بدلے گی، تب تک خواتین کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ تقریب میں سماجی خدمات پر ساتھ دینے پر افضال ممبئی لائٹ والے کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو خوبصورت ساڑھی پہننے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔نسرین جلیل نے اس موقع پر وضاحت کی کہ میں انڈین نہیں پاکستانی ساڑھی پہنتی ہوں۔منتظمین کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے بہترین لباس پہننے کے حوالے سے میرا انتخاب کیا۔ برٹش قونصلیٹ کراچی میں سجائی گئی پروقار تقریب میں مس پاکستان اداکارہ اریج چوہدری، اداکارہ ثروت گیلانی،کیٹ واک کی فریحہ الطاف ،ایاز خان، امین گل جی، سابق وفاقی وزیر جاوید جباراور ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد اور دیگر شخصیات توجہ کا مرکز رہیں ۔
اہم خبریں سے مزید