اسلام آباد (عاصم جاوید، اویس یوسف زئی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد محمد اعظم خان اور سینئر ایڈووکیٹ راجہ انعام امین منہاس آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور ایڈیشنل جج حلف اٹھائیں گے،چیف جسٹس عامر فاروق، محمد اعظم خان اور راجہ انعام امین منہاس سے عہدے کا حلف لیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق دونوں نئے ایڈیشنل ججوں سے حلف لیں گے۔ وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کی منظوری سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد محمد اعظم خان اور سینئر وکیل راجہ انعام امین منہاس کو ایک سال کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو نئے ایڈیشنل ججز کی حلف برداری کی تقریب شاہراہ دستور پر واقع اسلام آباد ہائیکورٹ بلڈنگ میں ہوگی جس میں ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز، ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار سمیت پاکستان اور اسلام آباد بار کونسل کے عہدیداران و دیگر وکلا شرکت کریں گے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 17جنوری کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد محمد اعظم خان اور سینئر ایڈووکیٹ راجہ انعام امین منہاس کے ناموں پر غور کرنے کے بعد انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی تھی۔