پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی ضلع کرم میں شر پسند عناصر کیخلاف بلا تفریق سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی پرامن شہریوں کو نقصان سے بچانے کیلئے انہیں متبادل جگہ منتقل کیا جائیگا جس کے بعد شرپسندوں کیخلاف کارروائی ہوگی جس میں پولیس اور سول انتظامیہ کی مدد کے لئے سکیورٹی فورسز موجود ہوں گی ۔ اس بات کا فیصلہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی پولیس کے علاوہ دیگر سول و پولیس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کرنیکا فیصلہ کیاگیا، اس موقع پرترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ریاست پر امن عناصر کیساتھ کھڑی ہے اور ظالم عناصر کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا، ترجمان نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں موجود چند شرپسندوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے، امن معاہدے پر قانون اور پشتون روایات کے مطابق عملدرآمد کرایا جائیگا۔ شرپسندوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور سول انتظامیہ کی مدد کے لئے سکیورٹی فورسز موجود ہوں گی۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ امن پسند لوگوں کے درمیان کچھ شرپسند گھس گئے ہیں، امن پسند لوگوں کو نقصان سے بچانے کیلئے انہیں شرپسندوں سے الگ کرکے کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے رہائش کے بہترین متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت دونوں فریقین سے درخواست کرتی ہے کہ اپنے درمیان موجود شرپسندوں کی نشاندہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔