• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد شہریوں کے ٹرمپ حلف برداری میں مدعو کئے جانے کے دعوے

ٹیکساس (رپورٹ، راجہ زاہد اختر خانزادہ) امریکا میں موجود کئی پاکستانی نژاد امریکیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم، حقائق کے مطابق، ٹرمپ کی ٹیم نے ان شخصیات کو مدعو کیا ہے جنہوں نے کم از کم ایک ملین ڈالر (27 کروڑ 86 لاکھ روپے) کی رقم ان کی انتخابی مہم کے لئے عطیہ کی ہے۔ ان شخصیات میں نمایاں نام پاکستانی ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور کا ہے، جنہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں سب سے زیادہ فنڈز فراہم کیے ہیں۔ جنہوں نے ذاتی طور ہر اپنی اور فیملی کی جانب سے دوملین ڈالرز ٹرمپ کی انتخابی مہم میں عطیہ کیا تھا باخبر ذرائع کے مطابق سید جاوید انور کو ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی نششتوں پر مدعو کیا گیا ہے اور وہ اپنے ذاتی جہاز میں گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ کو لے کر انکے ساتھ جائیں گے۔سید جاوید انور شاید واحد پاکستانی نژاد امریکی ہوں گے جو وی وی آئی پی نشستوں پر موجود ہونگے۔ دوسری جانب، نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ کی افتتاحی کمیٹی نے اب تک 170 ملین ڈالر جمع کیے ہیں اور 200ملین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ رقم 2017میں جمع کیے گئے 107 ملین ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔ تاہم، 2025کی اختتام ہفتہ کی تقریبات، جن میں حلف برداری کی تقریب اور نجی تقریبات شامل ہیں، مکمل ہو چکی ہیں۔ جن افراد نے ایک ملین ڈالر سے زیادہ کا عطیہ دیا ہے، انہیں بھی انتظار کی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کچھ لوگ اور کمپنیاں بغیر کسی توقع کے لاکھوں ڈالر کا عطیہ دے رہی ہیں، جو کہ غیر معمولی ہے کیونکہ عام طور پر لوگ اور کمپنیاں ایسے عطیات دے کر آنے والی انتظامیہ پر اثر و رسوخ حاصل کرنے کی امید کرتے ہیں۔مزید برآں، امریکی کمپنیوں جیسے میٹا، ایمیزون، گوگل، اور اوبر نے ٹرمپ کی افتتاحی فنڈ میں کم از کم 1 ملین ڈالر کا تعاون کیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ دیگر معروف شخصیات جیسے اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین، اوبر کے سی ای او دارا خسرو شاہی، اور سیٹاڈل کے سی ای او کین گرفن نے بھی ذاتی طور پر 1 ملین ڈالر کے عطیات دیے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید