کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف کے واقعات میں ایک شخص ہلاک ،8افرد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق،گلشن اقبال نیپا پل کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود نیپا پل کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں28سالہ محمد زبیر ولد محمد افضل جاں بحق ہو گیا،اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ایس ایچ او سعید ناریجو کے مطابق مقتول موٹر سائیکل سوار کو پل سے اترتے ہوئے عقب سے ایک گولی ماری گئی جو سینے سے پار ہوئی ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول سے کوئی لوٹ مار نہیں ہوئی ہے۔ مقتول کا موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔جبکہ بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی پمپ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ فیصل سے ہوئی۔ سرجانی ٹاون کے علاقے روزی گوٹھ میں موبائل فون اورنقدی چھینے کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے 24سالہ ساجد علی کو زخمی کردیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔شاہراہ نورجہاںتھانے کی حدود فائیو اسٹار چورنگی کے قریب ڈاکووں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 19سالہ محمد ولی ولد شاہ ولی کو زخمی کردیا ،ملزمان موبائل اور نقدی لوٹکر فرار ہو گئے۔شاہراہ فیصل نسلا ٹاور کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی 35سالہ جمیل کو جناح اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا معاملہ مشکوک ہے۔واقعہ جائیداد کا تنازع لگتا ہے۔زخمی شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ فیملی کے ساتھ سندھی مسلم سے کھانا کھا کر گھر جا رہا تھا۔ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اس پر فائرنگ کی ۔ اتحاد ٹاؤن صادقین مسجد کے قریب بلدیہ عابد آباد میں ذاتی تنازع پر گولی لگنے سے 35 سالہ شخص رحمانی ولد گل رحمان ہوگیا۔بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن التمش اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28سالہ بشیر خان زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میںواقعہ کو ذاتی دشمنی قرار دیا ہے۔شاہراہ نورجہاں کے علاقے سخی حسن قبرستان کے قریب سیکورٹی گارڈ سے اتفاقی گولی چل جانے سے سیکورٹی گارڈ 25 سالہ شہزاد اور ایک راہگیر محبوب سلیم زخمی ہوگیا جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔