کوئٹہ (آن لائن) بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام دالبندین میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی بابائے چاغی روڈ سے ہوتی ہوئی دالبندین کلی قاسم خان گراؤنڈ پہنچی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین، بچوں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کر رہی تھیں۔ انہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جنوری کو دالبندین میں راجی مچی کا مقصد ریاست کو یہ بتانا ہے کہ بلوچ قوم متحد ہے۔ یہ تحریک صرف لاپتہ افراد کی نہیں، بلکہ بلوچستان کے کسی بھی فرد کے ساتھ ناانصافی یا ظلم کیخلاف آواز ہے۔ یہ تحریک اب ریاستی ظلم و بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک عام بلوچ کے لیے کوئی سہولت میسر نہیں ۔ تابکاری کے اثرات سے بچےمعذور پیدا ہو رہے ہیں اور لوگ کینسر سے مر رہے ہیں۔ جس نے یہ تابکاری کے اثرات پیدا کیے، اس نے کیا سہولت فراہم کی ہے؟ ہمارے نوجوانوں کو نشے کی لعنت میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ ہر بلوچ کے گھر میں ایک درد بھری کہانی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو پورا بلوچستان اکھٹا ہوگا۔ ہمیں سب کو اپنے حقوق، ناانصافیوں اور ظلم کے خلاف یکجا ہونا ہوگا ۔