مقبوضہ بیت المقدس ، غزہ (جنگ نیوز، اے ایف پی) مقبوضہ بیت المقدس کے جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج کا خونی آپریشن تیسرے روز بھی جاری،اسرائیلی فوجیوں کی ٹینکوں اور ڈرونز طیاروں کیساتھ جنین پر چڑھائی ، مزید دو فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا ، ہزاروں فلسطینی گھروں سے بے دخل کردیئے گئے، متعدد گھروں کو آگ لگادی گئی ،خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں بھی لے لیا گیا، کیمپ میں بجلی، پانی اور دیگر سہولیات معطل کردی گئی ہیں ، دوسری جانب غزہ میں ملبے تلے دبنے والی مزید 120میتیں نکال لی گئی ہیں ،شہداء کی مجموعی تعداد 47ہزار 283ہوگئی ہے، حماس نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے ساتویں دن بے گھر افراد جنوبی اور شمالی غزہ کے درمیان منتقل ہو سکیں گے۔ حماس نے واضح کیا ہے کہ معاہدے کے ساتویں دن بے گھر افراد کو شمالی غزہ واپس جانے کی اجازت دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق صیہونی افواج نے ٹینکوں سمیت جنین کیمپ پر چڑھائی کردی ہے جہاں سے ہزاروں فلسطینوں کو بے دخل کردیا گیا ہے ، الجزیرہ کے مطابق صیہونی افواج نے متعدد مکانوں کو آگ بھی لگادی ہے ، اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جس کے بعد گزشتہ تین سے جنین میں جاری خونی کارروائی کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 12ہوگئی ہے جبکہ 40افراد زخمی بھی ہیں ، اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور بلڈوزر نے جنین پناہ گزین کیمپ "تقریباً ناقابل رہائش" بنادیا گیا ہے۔