• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز بس سروس کے کرایوں میں 60 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا

کراچی (اعجاز احمد/ اسٹاف رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیپلز بس سروس کے کرایوں میں 60فیصد تک اضافہ کردیا گیا جس کا اطلاق یکم فروری 2025ء سے ہوگا۔ شہریوں نے یہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن سے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کرتے ہوئے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصلات کے مطابق جمعرات کو یہاں پیپلز بس سروس کی انتظامیہ نے نئے کرایوں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر کرائے 20 سے60فیصد تک بڑھائے جارہے ہیں اور متعلقہ بسوں پر نئے نرخ آویزاں کر دیے گئے ہیں، جن کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔ واضح رہے کہ اس وقت شہر قائد میں پیپلز بس سروس کا کم سے کم کرایہ50روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 100روپے مقرر ہے، مگر نئے نرخ کے مطابق 15کلومیٹر فاصلے تک کرایہ 80 روپے اور 15کلومیٹر سے زائد فاصلے کا کرایہ 120 روپے ہوگا۔ اس ضمن میں شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم پیپلز بس سروس سے مسافر بھرپور استفادہ کررہے ہیں، جس کے لیے وہ سندھ حکومت خصوصاً وزیر ٹرانسپورٹ کے شکر گزار ہیں، لیکن یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں قریباً سوا 3سو روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھیں تو کرایہ50اور 100 روپے رکھا گیا، مگر اب جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 256روپے فی لیٹر تک ہیں تو کرایے میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید