لاہور (اے ایف پی ) پاکستان میں خشک سالی نےموسم سرما کی فصلوں کو شدید متاثر کیا ہے غذائی اجناس کی پیداوار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس بار خطے میں بارشوں میں 40فیصدکمی سے خشک سالی پھیلی 24کروڑ سے زائد آبادی والا پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہیں اس حوالے سے سائنسدانوں کا کہنا ہےکہ یہاں موسموں کا انتہائی شدید ہونا نہایت تباہ کن اور عام ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ پنجاب زراعت کی پیداوار کا مرکز ہے وہاں معمول سے 42فیصد بارشیں ہوئی ہیں یہ دورانیہ ستمبر تا جنوری ہے ۔ بارشوں میں کمی نے کسانوں پر مالی اثرات مرتب کئے ہیں پنجاب کی پھلوں اور سبزیوں کے برآمد کنندگان کی ایسوسی ایشن کےچیئرمین ملک اصغر نے بتایا کہ آلو جو غذائی جنس ہے اس سال اس کی پیداوار کم ہوئی ہے ۔ عام طور پر ایک ایکڑ رقبے میں پیداوار سے 100سے 120تھیلوں کی پیداوار حاصل ہوتی رہی ہے ۔ لیکن اس بار موسم سرما میں صرف 60تھیلے فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوسکی ہے ۔ پاکستان میں زراعت کا شعبہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کاایک چوتھائی فراہم کرتا اور اس سے ملک کی 37فیصد افرادی قوت وابستہ ہے ۔ یہ تخمینہ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کا ہے لیکن ملک اصغر کا کہنا ہے کہ زیادہ تر چھوٹے کسان اب کھیتی باڑی چھوڑ کر کہیں اور ملازمت کا سوچ رہے ہیں۔ خشک سالی کے ان پر نہایت مضر اور منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔