اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی حکومت کے سائز کی درستگی کیلئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کومنعقد ہوا، جسکی صدارت وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈیووس، سوئٹزرلینڈ سے بذریعہ ورچوئل کی ۔اجلاس میں ریونیو ڈویژن اور وزارت غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ کی جانب سے تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں، جن میں انکے دائرہ کار، تنظیمی ڈھانچے، بجٹ مختص، اخراجات، اور عوامی خدمات پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کو ریونیو ڈویژن اور وزارت غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ کے ڈھانچے، افعال اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ ریونیو ڈویژن کی پریزنٹیشن میں ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کے اہم پہلوں کو اجاگر کیا گیا، خاص طور پر کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کو جدید بنانے کیلئے کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ ٹرانسفارمیشن پلان 19 ستمبر 2024 کو وزیرِاعظم کی منظوری سے نافذ کیا گیا۔