اسلام آباد (فاروق اقدس) مختلف ممالک میں حال ہی میں تعینات کئے جانے والے سفیروں اور قونصلر جنرلز نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جن میں 12 سفیروں اور 9قونصل جنرلز شامل تھے۔ جو رواں ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے۔ وزیر خارجہ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ اقتصادی سفارت کاری، دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستانی تارکین وطن کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہفتے کو دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق کے انہوں نے سفیروں اور قونصل جنرلز سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد بھی دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دیا کہ ملک کی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جائے۔