• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلی میں جاگیردار ہیں، زراعت پر ٹیکس نہیں لگ سکتا، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ اسمبلی میں جاگیردار ہیں،زراعت پر ٹیکس نہیں لگ سکتا۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح 40فیصدبڑھانے اورجون تک تنخواہ دار طبقے سے زبردستی 500ارب وصولی کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس حکومتی اقدام کو ظالمانہ قرار دیا۔چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی اور ٹیکس تلے دبے عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، حکومت کا یہ ظالمانہ اقدام تنخواہ دار طبقے سے جینے کا حق بھی چھین لے گا، اگر حکومت چاہے تو زراعت پر ٹیکس وصول کرکے تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کم کرسکتی ہے، لیکن اسمبلی میں جب تک جاگیر دار ہیں وہ اپنی آمدنی پر ٹیکس لگنے نہیں دیں گے، اسمبلی جاگیرداروں کے تسلط کے باعث عوام کے حقوق کے دفاع کی بجائے جاگیرداروں کے مفادات کے تحفظ کاذریعہ بن کر رہ گئی ہے، حکومت ملکی استحکام کے لئے زرعی آمدنی پر تنخواہ دار طبقے کی آمدنی پر لگنے والے ٹیکس کی شرح سے ٹیکس لگائے اور بیرونی سرمایہ کاری اور قرضوں پر انحصار کے بجائے جوسہولتیں بیرونی سرمایہ کار کو حکومت فراہم کررہی ہے وہ تمام سہولتیں مقامی صنعت کاروں کو فراہم کرکے مستقل بنیادوں پر ملکی استحکام اور ترقی یقینی بنائے، حکومت صنعتی سیکٹر کے فروغ کے بجائے بیرونی قرضوں اور امداد پر تکیہ کئے ہوئے ہے۔
اہم خبریں سے مزید