اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ تحریک انصاف نے وکیل سمیر کھوسہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں26ویں ترمیم کیخلاف درخواست دائر کی جس میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی خدوخال کو تبدیل نہیں کرسکتی، عدلیہ کی آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے اور عدلیہ کی آزادی کیخلاف کوئی ترمیم نہیں کی جا سکتی، اس لیے آئینی ترمیم اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصول کیخلاف ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں 26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلے تک قائم جوڈیشل کمیشن کو ججز کی تعیناتی سے روکنے کی بھی استدعا کی ہے۔ واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف اس سے قبل سپریم کورٹ میں 15 درخواستیں دائر ہوچکی ہیں۔