کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج، شرح سود میں مزید کمی کی خبروں سے سرمایہ کار پرامید ، منافع بخش سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے مارکیٹ میں زبردست تیزی،کے ایس ای 100 انڈیکس میں 843پوائنٹس کا اضافہ ، 50.78 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 49ارب 39کروڑ 48لاکھ روپے کا اضافہ، تاہم کاروباری حجم 6.43فیصد کم رہا، پیر 27جنوری کو نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مزید کم ہوجانے کی اطلاعات سے سرمایہ کار بڑے پرامید نظر آتے ہیں،اسی وجہ سے کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ 346 پوائنٹس کے اضافے پر کھلی جس کے بعد سرمایہ کاروں کی چند منافع بخش سیکٹرزمیں خریداری سے انڈیکس مسلسل بلندی کی جانب گامزن رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 1742پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 15 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا۔