بھارت کی سابقہ اداکارہ ثنا خان اور انکے شوہر سید انس نے اپنے دوسرے بچے کا نام بتادیا۔
ثنا خان اور انکے شوہر انس سید کے ہاں رواں ماہ کے آغاز میں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں والدین خوشی سے سرشار ہیں۔
سابقہ اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک دلکش ویڈیو کے ذریعے اپنے نوزائیدہ بیٹے کے نام کا اعلان کیا، جس نے مداحوں اور چاہنے والوں کو بے حد خوش کر دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ثنا خان نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بتایا گیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام سید حسن جمیل رکھا تھا۔
اپنی پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، ’اے اللہ تمام تعریفیں تیرے لیے ہیں۔ اپنی نعمتوں اور فضل کے ساتھ ہمیں توفیق دے کہ ہم اسکی اچھے طریقے سے پرورش کریں، ہمیں اس کے ساتھ مہربانی اور انصاف کرنے کی ہدایت دے اور اسے اپنے نیک بندوں میں شامل کر۔‘
اس سے قبل اپنی ایک پوسٹ میں ثنا نے تحریر کیا تھا، ’اللّٰہ تعالیٰ نے ہر چیز مقدر میں لکھی ہے۔ وقت آنے پر اللّٰہ اسکو عطا کرتا ہے اور جب عطا کرتا ہے تو جھولیاں خوشیوں سے بھر دیتا ہے۔‘