کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جام صادق پل 3ماہ کی بجائے 2ماہ میں مکمل کرنے اور یلو لائن بھی 2ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ سندھ نے شاہراہِ بھٹو کا دورہ کیا اور کراچی میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تعمیر جام صادق انٹرچینج، قائد آباد انٹرچینج اور شاہراہِ بھٹو کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا اور ان کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔وزیر اعلی کے ہمراہ سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔ معائنے کے دوران وزیر اعلی نے منصوبے کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے منصوبے کی ٹیم سے کہا کہ عید کی چھٹیاں ختم ہو چکی ہیں، اب کام کو پوری رفتار سے آگے بڑھانے کا وقت ہے۔