کراچی( افضل ندیم ڈوگر) دھوکہ دہی اور جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 2مسافروں کو کراچی امیگریشن نے گرفتار کرلیا جبکہ سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔ مسافر خاتون مائی داملو وزٹ ویزہ پر یو اے ای جا رہی تھی کہ خاتون کا نام آئی بی ایم ایس سسٹم میں ہٹ ہوا۔ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ خاتون سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ ہو چکی تھی۔ دوسری کاروائی میں جعلی شناخت پر غیر قانونی شہریت حاصل کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ مسافر ایتھوپین ائیر لائن ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچا جس پر "ڈی پورٹیشن" کی مہر ثبت تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے جنوبی افریقہ کی شہریت غیر قانونی طریقے سے حاصل کی تھی۔ برتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق مسافر کا اصل نام پاکستانی علی رضا ہے جنوبی افریقہ کے پاسپورٹ پر اس کا نام سلیمان غانچی رضا درج ہے۔ مزید براں مسافر غیر قانونی طریقے سے جنوبی افریقہ سے زمبابوے داخل ہوا، جہاں اسے گرفتار کر کے 2 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفارت خانے نے اس کی پاکستانی شناخت کی تصدیق کرکے ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا اور اسے پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔