اسلام آباد ( طاہر خلیل )صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (پیکا) ترمیمی بل 2025کی توثیق کردی۔ ایوان صدر کے مطابق صدر پاکستان نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025 کی بھی منظوری دے دی جب کہ آصف زرداری نے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ( ترمیمی) بل 2025 کی بھی توثیق کر دی۔صدر مملکت نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (پیکا) ترمیمی بل 2025 پر دستخط کردیے ہیں، صدر کے دستخط کے بعد پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قانون بن گیا ہے۔ 23 جنوری کو قومی اسمبلی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا تھا اور بعد میں یہ بل سینیٹ سے بھی منظور ہوگیا تھا۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ صدر ہماری بات سنیں گے مگر انہوں نے بھی مایوس کیا، ہم احتجاج بھی جاری رکھیں گے اور قانون کو عدالتوں میں بھی چیلنج کریں گے جبکہ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بل صحیفہ نہیں بہتری لائی جا سکتی ہے، وفاقی حکومت نے 22 جنوری کو پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔دی پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (ترمیمی) بل 2025 میں سیکشن 26 (اے) کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آن لائن ’جعلی خبروں‘ کے مرتکب افراد کو سزا دی جائے گی، ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ جو بھی شخص جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلاتا ہے، یا کسی دوسرے شخص کو بھیجتا ہے، جس سے معاشرے میں خوف یا بےامنی پھیل سکتی ہے۔