کراچی (عبدالماجد بھٹی) آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کی تاخیر سے پاکستان آمد کے سبب کراچی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے افتتاحی تقریب نہیں ہوگی۔ کپتانوں کی پریس کانفرنس اور پری ٹورنامنٹ فوٹو شوٹ بھی منسوخ کردیے گئے ۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 19فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی کپتان روہت شرما کی پاکستان آنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے باخبر ذرائع کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو فراہم کردہ آمد کا شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم 18 فروری جبکہ آسٹریلیا 19 فروری کو لاہور پہنچے گی۔ بنگلہ دیش اور بھارت 15 فروری کو دبئی اور افغانستان 12 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب کے منصوبوں پر اندرونی اور آئی سی سی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا تھا تاہم ہم نے یا آئی سی سی نے کبھی افتتاحی تقریب کی تصدیق نہیں کی تھی۔ آئی سی سی ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی تھی ۔ البتہ پہلے میچ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کپتانوں کی پریس کانفرنس ہوگی۔ خیال رہے کہ نیوزی لینڈ ، پاکستان اور جنوبی افریقا 8 سے 14 فروری تک لاہور اور کراچی میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد پہلے ہی پاکستان میں موجود ہوں گی۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے وارم اپ میچوں سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔