پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم گنڈاپور نے اُمہ چلڈرن اکیڈمی نوشہرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی تعلیمی، تربیتی اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور طلباء واساتذہ سے ملاقات کی۔ اُمہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان ایک غیر سرکاری، رجسٹرڈ فلاحی ادارہ ہے جو 100 فیصد ڈونیشن پالیسی پر کام کرتا ہے ادارہ یتیم بچوں، بیواؤں، معذوروں اور نادار افراد کی کفالت، تعلیمی وطبی سہولیات، رمضان فوڈ پیکجز، ڈائیلاسز سنٹرز اور دیگر فلاحی منصوبوں میں سرگرم عمل ہے۔ اُمہ چلڈرن اکیڈمی، ٹرسٹ کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ ہے، جہاں یتیم بچوں کو رہائش، خوراک، لباس، طبی سہولیات اور معیاری تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اکیڈمی کے طلباء نے بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں جبکہ 100 سے زائد طلباء حفظِ قرآن مکمل کر چکے ہیں۔