پشاور(جنگ نیوز)پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے سنٹر میں طویل مدت کیلئے داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ہمراہ حیات آباد میں باغ ناران کا تفریحی دورہ کیا اور انہیں اس وسیع پارک کے مختلف حصوں کے علاؤہ چڑیا گھر اور سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت تعمیر کردہ نئے سبزہ زار کی سیر کرائی۔ مریضوں نے باغِ ناران اور چڑیا گھر کی سیر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف کھیل بھی کھیلے۔ ڈاکٹر الیاس سید نے کہا کہ صحت عامہ کے عالمی معیار کے مطابق سنٹر میں داخل ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ سے متاثرہ افراد باہم معذوری کی تفریح، ذہنی سکون اور حوصلہ افزائی کیلئے باقاعدگی سے مختلف کھیلوں کے مقابلے اور تفریحی و ثقافتی دوروں کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں وہ طبی عملے کے ساتھ ان میں بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں۔