اسلام آباد (ناصر چشتی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس خالد حسین مگسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی نے ڈیموں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) سے متعلق وزارت آبی وسائل کی بجٹ تجاویز کی جانچ پڑتال، چیئرمین واپڈا کی طرف سے ناؤلونگ ڈیم، داسو اور مہمند ڈیم پر بریفنگ، اور دیگر امور پر بات کی گئی۔ آبی وسائل کے سیکرٹری سید علی مرتضیٰ نے کمیٹی کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) 2024-25 کی بجٹ تجاویز پر بریفنگ دی۔ جبکہ بلوچستان میں پانی اور توانائی کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لئے ناؤلونگ ڈیم پراجیکٹ کے ڈائریکٹر نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ بلوچستان میں دریائے مولا پر انتہائی متوقع نولونگ ڈیم کا منصوبہ عملدرآمد کی طرف بڑھ رہا ہے، جو خطے کے پانی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ واپڈا کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ دریائے سندھ پر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے 23 فیصد سے زیادہ فزیکل پیش رفت حاصل کی ہے۔