اسلام آباد (محمد صالح ظافر)حکومت اور حزب اختلاف کے مذاکرات ختم ہونے کےباوجود فریقین نے اپنی اپنی کمیٹیاں برقرار رکھی ہیں۔
جنہوں نے مذاکرات کے ایک مہینے سے زیادہ عرصے کے دوران تین دور کئے اور چوتھے دور کا مرحلہ آنے سے پہلے مذاکراتی سلسلے کوتوڑڈالا گیا۔دونوں میں سے کسی کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو اپنی کمیٹی ختم کرنے کےبارے میں اطلاع نہیں دی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے جمعہ کو یہاں جنگ/دی نیوز کے استفسار پر بتایا کہ حکومتی کمیٹی جس کی قیادت نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ سنیٹرمحمد اسحاق ڈار کررہے تھے بدستور قائم ہے۔
سینیٹر ڈار پارلیمنٹ کے ایوان بالا، سینیٹ میں قائد ایوان بھی ہیں حزب اختلاف کی کمیٹی کے سربراہ قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان ہیں تاہم دونوں میں سے کسی کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو اپنی کمیٹی ختم کرنے کےبارے میں اطلاع نہیں دی ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایازصادق جنہوں نے مذاکرات کے تمام ادوار کی نظامت کی فریقین سے بدستور رابطے میں ہیں انہوں نے مذاکراتی عمل بحال رکھنے کا دونوں کمیٹیوں کو مشورہ دے دیا ہے۔