پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے انسانی حقوق کی علم بردار اور نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ شطرنج کا مقابلہ کرتے ہوئے تصویر شیئر کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شہزاد رائے نے ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ گزارے دن کا احوال بیان کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملالہ یوسف زئی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے آبائی گاؤں کا دورہ کیا ہے۔
شہزاد رائے کے مطابق وہ بھی اس موقع پر ملالہ یوسف زئی، ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی، والدہ تور پیکئی اور شوہر عصر ملک کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں برکانہ شاپور، ضلع شانگلہ میں موجود تھے۔
گلوکار نے انسٹا پوسٹ میں ملک کی کم عمر نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ شطرنج کا مقابلہ کرتے ہوئے تصویر شیئر کی ہے۔
انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے پہاڑوں کی ملکہ ملالہ کے ساتھ کوئینز گیمبٹ کھیلا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل زندگی ٹرسٹ کی طالبہ مہک مقبول انڈر 18 نیشنل چیس چیمپئن بن گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر موقع دیا جائے تو ہماری لڑکیاں مقابلہ کر سکتی ہیں اور جیت بھی سکتی ہیں، معیاری تعلیم ہی اصل گیم چینجر ہے۔
شہزاد رائے کے مطابق معیاری تعلیم چیمپئنز پیدا کرتی ہے، رکاوٹوں کو توڑ کر خوابوں کو حقیقت میں بدلتی ہے اور جب تعلیم کے حصول کے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو ہٹایا جاتا ہے تو ملالہ اور مہک جیسے نام سامنے آتے ہیں۔