• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد آفتاب 13 سال بعد قومی اسنوکر چیمپئن بن گئے

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پنجاب کے شاہد آفتاب اور نیشنل بینک کے محمد سجاد کے درمیان بیسٹ آف 13 فریمز پر مشتمل فائنل کا فیصلہ ایک فریم پہلے ہی ہوگیا،جہاں شاہد آفتاب نے 5 کے مقابلے میں 7 فریمز سے فتح اپنے نام کی۔

فائنل میں نیشنل بینک محمد سجاد اور پنجاب کے شاہد آفتاب کے درمیان دل چسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا،ایک مرحلے پر محمد سجاد5-2سے خسارے میں تھے تاہم انہوں نے مسلسل دو فریمز جیت کر مقابلہ5-5سے برابر کیا لیکن اس کے بعد اگلے دونوں فریمز شاہدآفتاب نے جیت کر فائنل اور ٹائٹل جیت لیا۔

فائنل کا فریم اسکور شاہد آفتاب کے حق میں 69-9 ،92-28 ،48-70 ،73-19 ، 49-70 ،74-38 ،79-24 ،62-66 ،22-63، 25-69 ،81-36 اور71-61 رہا۔

شاہد آفتاب نے دوسرے فریم میں 82،چھٹے فریم میں 52،ساتویں فریم میں 79اور گیارھویں فریم میں 81کے بریک بھی کھیلے جبکہ محمد سجاد نے تیسرے فریم میں اور نویں فریم میں 52کا بریک کھیلا۔

شاہد آفتاب نے 2011 قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں عمران شہزاد کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی،جس کے بعد وہ 13 سال بعد فائنل میں پہنچے تھے۔

دوسری جانب نیشنل بینک کے محمد سجاد جو 2021 اور 2022 میں چیمپئن بنے تھے،اس بار فائنل میں شکست دے دوچار ہو گئے۔

شاہد آفتاب نے 49 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر 15 فرروی سے دوحا میں ہونیوالی ایشین چیمپئن شپ کے لئے بھی پاکستان کی نمائندگی کے لئے کوالی فائی کر لیا۔

ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کے3 کیوئسٹ میں 2 کا فیصلہ پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن جلد کرے گی۔

49 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ میں ورلڈ چیمپئن محمد آصف جنہیں سیمی فائنل میں شاہد آفتاب کے ہاتھوں شکست ہوئی،انہوں نے چیمپئن شپ میں سب سے بڑا 147 کا بریک کھیلا۔

49ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ 21 جنوری سے یکم فروری 2025 تک نیشنل اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید