صبح جب ہم نیند سے بیدار ہوتے ہیں تو باورچی خانے کا رخ کرتے ہیں، کیونکہ تقریباً ہر شخص ہی دن کا آغاز کسی مشروب سے کرتا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق 12 فیصد افراد بیدار ہوتے ہی چائے کا کپ لیتے ہیں جبکہ اگر برطانیہ کی بات کی جائے تو ایک ریسرچ کے مطابق وہاں صبح 9 بجے تک 5 کروڑ 30 لاکھ کپ چائے پی جا چکی ہوتی ہے۔
چائے کے شوقین لوگوں میں سے 10 فیصد ایسے بھی ہیں جو دن کی شروعات ایک نہیں بلکہ تین کپ چائے سے کرتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ چائے ہماری صحت اور وزن پر کیا اثر ڈالتی ہے؟
ماہرینِ صحت نے مختلف مشروبات کے فوائد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہمیشہ چائے ہی بہترین انتخاب نہیں ہوتا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ہائیڈریٹنگ ہوتی ہے جو صبح کے وقت ضروری ہے کیونکہ رات بھر جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے۔ اس میں موجود پولی فینولز بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ’سبز چائے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اس میں ایل-تھیانین پایا جاتا ہے جو دماغ کو سکون فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔‘
سیلیبریٹی پرسنل ٹرینر سیسیلیا ہیرس کہتی ہیں، ’میرے لیے دن کا پہلا مشروب ہمیشہ پانی ہوتا ہے۔ نیند کے بعد جسم کو ہائیڈریٹ کرنا بہت ضروری ہے، خاص طور پر اگر آپ صبح ورزش کرتے ہیں۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’چائے میں دودھ شامل کرنے سے ورزش فاسٹڈ نہیں رہتی کیونکہ دودھ میں کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔ میں پانی پینے کے بعد 20 منٹ بعد بلیک کافی لیتی ہوں لیکن کبھی خالی پیٹ نہیں۔‘
ڈائٹ کوچ سارہ بوکھارٹ کہتی ہیں ’صبح کے وقت میں میٹھے ہربل ٹی جیسے اسٹرابیری اور ونیلا والی چائے پیتی ہوں۔ یہ جسم کو ہائیڈریٹ کرتی ہے اور کیلوریز سے پاک ہوتی ہے، جو جسم کو آرام کا موقع فراہم کرتی ہے۔ میٹھے ہربل ٹی کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ میٹھا کھانے کی طلب کو کم کر دیتا ہے۔‘
دی گٹ اسٹف پوڈکاسٹ کی میزبان لیزا میکفارلین کہتی ہیں، ’میں صبح کافی نہیں پیتی بلکہ تقریباً 11 بجے پیتی ہوں۔ اس وقت کا وقفہ ہماری آنتوں کے بیکٹیریا کےلیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ کافی میں پولی فینولز موجود ہوتے ہیں جو آنتوں کے بیکٹیریا کےلیے اچھے ہوتے ہیں۔ یہ تھوڑی مقدار میں فائبر بھی فراہم کرتی ہے۔‘
ڈاکٹر سارہ گارسڈ جی پی اور ورکنگ ماں کہتی ہیں، ’میرا دن چائے سے شروع ہوتا ہے۔ یہ سکون دیتی ہے اور اس میں کیفین کی مقدار کافی سے کم ہوتی ہے۔ میں اس میں چینی شامل نہیں کرتی کیونکہ صبح کے وقت بلڈ شوگر میں اضافہ اچھا نہیں ہوتا۔ بغیر چینی کے دودھ کے ساتھ چائے میرے لیے بہترین ہے کیونکہ اس میں پروٹین اور قدرتی چکنائیاں موجود ہوتی ہیں۔‘