اسلام آباد،لاہور ( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 فروری کے احتجاج سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے کی طرح ہم ان سے درخواست کرینگے کہ یہ چیز نہ کریں، اگر انہوں نے 26نومبر کی طرح ہماری بات نہ مانی تو پھر وہی کرینگے، ریاست حرکت میں آئے گی۔اس سوال پر کہ اگر امریکا سے بانی پی ٹی آئی کیلئے کال آئی تو مان لیں گے یا انکار کردیں گے؟ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹھینگا دکھا دیا۔وہ لاہور کے نادرا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ حالیہ دورہ امریکا کہ بہت جلد اسکے اچھے اثرات سامنے آئینگے، شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ مافیا کیخلاف حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور بہت جلد ان کیخلاف سخت کریک ڈاؤن ہونے والا ہے، کچھ عرصے بعد ایف آئی اے میں بہت بڑی تبدیلی لانے والے ہیں،پاسپورٹ اتھارٹی بنے گی، امیگریشن کاؤنٹرز پر ہمیں سختی کرنی پڑ رہی ہے، کیونکہ کچھ لوگ غیر قانونی طریقوں سے کشتیوں کے ذریعے یورپ اور دیگر براعظموں میں جانے کی کوشش کرتے ہیں،ہم نہیں چاہتے کہ جائز طریقے سے جانے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، گجرات اور فیصل آباد ڈویژن سے سب سے زیادہ لوگ غیر قانونی طور پر سفر کی کوشش کر رہے ہیں۔