• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر قائد میں لٹیرے رکشہ ڈرائیور کا بھیس بدل کر وارداتیں کرنے لگے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں لٹیرے رکشہ ڈرائیور کا بھیس بدل کر وارداتیں کرنے لگے، ناظم آباد نمبر چار سے رکشہ ڈرائیور جہیز کا سامان لوٹ کر فرار ہوگیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ فیملی کی جانب سے جہیز کا سامان لوٹے جانے کی واردات کی اطلاع ناظم آباد تھانے کو دی گئی۔بلال نامی نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہن کی اس مہینے کے آخر میں شادی طے ہے، والدہ اور خالہ لیاقت آباد جہیز کا سامان خریدنے گئی تھی۔ والدہ نے برتن اور دیگر سامان خریدا تھا جبکہ سامان لیاقت آباد سے اورنگی ٹاون منتقل کیا جانا تھا۔نوجوان نے بتایا کہ مارکیٹ میں موجود رکشے والے سے کرایہ طے کیا، کچھ سامان رکشے کے اندر باقی چھت پر رسی سے باندھا۔ رکشے پر سامان لوڈ کرکے ناظم آباد چار نمبر پر پہنچے تھے کہ اچانک رکشے والے نے والدہ اور خالہ کو زبردستی اتار دیا اور جہیز کا سامان لے کر فرار ہوگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں رکشہ ڈرائیور کو کتھئی رنگ کے شلوار قمیص میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈرائیور سی سی ٹی وی کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا، بظاہر رکشے والا منصوبہ بندی سے مارکیٹ میں موجود تھا۔متاثرہ فیملی نے اعلیٰ حکام سے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے جہیز کا سامان برآمد کرنے کی اپیل کر دی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید