کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، ہماری حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،پیر کو ادارہ نور حق میں ”کشمیر کانفرنس“ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزیدکہا کہ آزادی کشمیر کی جدو جہد کی نہ صرف سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بلکہ عملی محاذ پر بھی اپنا کردار ادا کیا جائے ، اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کو حق ِ خود ارادیت اور رائے شماری کا حق نہ دلوانا عالمی فورم کی ناکامی اور مسلمانوں کے حوالے سے دہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے، ، کشمیر کانفرنس سے مختلف دینی جماعتوں کے رہنماؤں و دیگر نے بھی خطاب کیا،جبکہ نظامت کے فرائض نائب امیر کراچی مسلم پرویز نے ادا کیے، مقررین نے اس امر پر اتفاق ِ رائے کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر پر‘بھارتی تسلط کے خلاف اور اہل ِ کشمیر کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت میں پوری قوم کا موقف ایک ہے۔