پاکستان شوبز انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری نے جعلی خبریں پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ایسے یوٹیوبرز کو کھری کھری سنا دی جو چند ویوز کی خاطر جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں وہ اپنے دورۂ اسلام آباد کے حوالے سے بتا رہی ہیں۔
اداکارہ نے اسی وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے جعلی خبریں پھیلانے والے یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسے یوٹیوبرز پر اللّٰہ کی لعنت ہو جو میرے خلاف جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں، ایک یوٹیوب چینل پر دعویٰ کیا گیا کہ میری بیٹی ایمان نے مجھے گھر سے نکال دیا ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنے روایتی مزاحیہ انداز میں کہا کہ بھئی میری بیٹی تو خود میرے گھر میں رہتی ہے، وہ مجھے کیسے نکال سکتی ہے؟ پتہ نہیں یہ لوگ میرے خلاف ایسی خبریں کیوں پھیلا رہے ہیں؟ ویسے میرے حلقۂ احباب میں سب کو پتہ ہے کہ ان باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے خلاف جھوٹی ویڈیوز بنانے والوں کا معیار ان کی بھونڈی آوازوں سے جھلکتا ہے، جس سے آپ پہچان سکتے ہیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے صارفین سے مخاطب ہو کر کہا کہ باشعور بنیں، ایسی ویڈیو کو نہ دیکھیں، آپ کے دیکھنے سے ان کو ویوز ملتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان یوٹیوبرز کا کام صرف اداکاروں کی موت، شادی اور طلاقوں سے متعلق افواہیں پھیلانا ہے، کبھی کسی کو مار دیتے ہیں تو کبھی کسی کو، آپ ان جھوٹی خبروں پر کان مت دھریں۔