بھارتی شہر بنگلورو کی پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کرلیا جس نے لوٹے گئے پیسوں سے اپنی محبوبہ کےلیے 3 کروڑ کا گھر تعمیر کیا تھا۔
ملزم کی شناخت 37 سالہ پنچاکشری سوامی کے نام سے ہوئی ہے، ان سے متعلق پولیس نے انکشاف کیا کہ اس کے تعلقات ایک معروف فلمی اداکارہ سے بھی تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالے دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بنگلورو کے مادیوالا پولیس اسٹیشن نے اس گرفتاری کے ساتھ چور کی وارداتوں پر بریک لگادی۔
پنچاکشری سوامی کا تعلق مہاراشٹر کے شہر سولاپور سے ہے۔ شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ ہونے کے باوجود وہ خواتین کے ساتھ تعلقات کےلیے مشہور تھا۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس نے 2003 میں کم عمری کے دوران چوری کی وارداتیں کرنا شروع کیں، 2009 تک وہ ایک پیشہ ور چور بن چکا تھا اور اپنی وارداتوں سے کروڑوں روپے کا مال جمع کر چکا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 15-2014 میں سوامی کا ایک مشہور اداکارہ سے تعلق قائم ہوا جس پر اس نے کروڑوں روپے خرچ کیے۔
دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے کولکتہ میں 3 کروڑ روپے کا گھر بنایا اور اداکارہ کو 22 لاکھ روپے کا ایکویریئم بھی تحفے میں دیا۔
2016 میں گجرات پولیس نے اسے گرفتار کرکے 6 سال قید کی سزا سنائی۔ احمد آباد کی سابرمتی سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ چوری کی دنیا میں لوٹ آیا۔ بعد میں مہاراشٹر پولیس نے اسے دوبارہ گرفتار کیا لیکن 2024 میں رہائی کے بعد وہ بنگلورو منتقل ہوگیا جہاں اس نے گھروں میں چوری اور ڈکیتی کا سلسلہ جاری رکھا۔
9 جنوری کو اس نے بینگلورو کے مادیوالا علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کی۔ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کے بعد اسے مادیوالا مارکیٹ کے قریب گرفتار کیا۔ دوران تفتیش اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر کئی وارداتوں کا اعتراف کیا۔
پولیس نے اس سے ایک لوہے کی چھڑ اور فائر گن برآمد کی جسے وہ چوری شدہ سونے کو پگھلا کر بسکٹ میں تبدیل کرنے کےلیے استعمال کرتا تھا۔
پولیس نے سولاپور میں اس کے گھر سے 181 گرام سونے کے بسکٹ، 333 گرام چاندی کے زیورات اور فائر گن برآمد کی۔