پشاور(جنگ نیوز)وزیرستان کے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان طلباء کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے پشاور میں جنوبی وزیرستان کے آئی ٹی سکلز ٹریننگ پروگرام کے گریجویٹ طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیرستان سے آئے ہوئے گریجویٹ طلباء کے لئے ڈاکٹر شفقت ایاز کی جانب سے ایک خصوصی تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں انہیں آئی ٹی کے جدید رجحانات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ضم شُدہ اضلاع خصوصی طور پر وزیرستان کے طلباء کو تربیت فراہم کرنا حکومت کی پہلی ترجیحات میں شامل ہیں، حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے ایسے پروگرامز جاری رکھے جائیں گے، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ معاون خصوصی نے طلباء پر زور دیا کہ وہ آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لئے بھر پور محنت کریں۔ انہوں یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت وزیرستان کے نوجوانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں کیونکہ وزیرستان کے طلباء نے کٹھن حالات کا مقابلہ کیا ہے جس پر آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔آخر میں معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے کامیاب طلباء میں اسناد اور شیلڈ بھی تقسیم کیں ۔