پشاور(جنگ نیوز)پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز منعقد کرنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے پی سی بی کے وفد کے ہمراہ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے حکام اور سیکیورٹی آفیسرز بھی موجود تھے۔ پی سی بی کے وفد نے سٹیڈیم کے مختلف حصے دیکھے اور سٹیڈیم میں کئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس حوالے سے صوبائی کھیل سید فخر جہان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ان کوششوں میں مصروف ہے کہ چند دنوں میں سٹیڈیم کو مکمل کیا جائے جس میں باقی ماندہ کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ سٹیڈیم جلد ہی حکومت کو ہینڈ اوور کر دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچوں یا پریکٹس میچوں کے لئے بھی اس سٹیڈیم پر غور جاری ہے اور امید ہے کہ پشاور میں عوام کے لئے ضرور اپنے ہیروز کو دیکھنے کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔دہائیوں سے پشاور کے باسی نیشنل یا انٹرنیشنل کرکٹ نہیں دیکھ پائے ہیں اسلیئے ہماری کوشش ہے کہ یہ سٹیڈیم جلد ان کھیلوں کیلئے آباد ہو جائے اور کرکٹ کے مداح یہاں پر کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔