• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جہدوجہد میںشانہ بشانہ کھڑے ہیں، پیر مصور خان

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جہدوجہد میں پوری پاکستانی قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اپنی آزادی کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، غاصب بھارتی حکومت کے ظلم و بر بریت اور استحصال کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق کے حصول کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا، معاون خصوصی پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی حکومت کا غیر قانونی قبضہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے اپنے پاس کردہ قرار داد پر ابھی تک عملدرآمد نہ کر سکی، غاصب بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، ان پر بدترین مظالم ڈھائے گئے، ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا گیا ۔انھوں نے اقوام عالم سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں غاصب بھارتی حکومت کے مظالم کا نوٹس لیں، پیر مصور خان نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جہدوجہد میں حکومت اور پاکستانی عوام انکی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
پشاور سے مزید