آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: ایک دکان دار نے موبائل فون قسط پر دیا، اب اس قسط کی وصولی کے لیے ستر (70) کلومیٹر تک جانا پڑتا ہے، تو کیا آنے جانے کا کرایہ وہ قسط پر موبائل خرید نے والے سے وصول کر سکتا ہے؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں دکان دار کے لیے موبائل قسطوں میں فروخت کرنے کی صورت میں خریدار سے اتنی قیمت ہی وصول کرنا جائز ہے، جتنی قیمت میں موبائل فروخت کیا تھا، زائد رقم لینا جائز نہیں، اسی طرح اگر دکان دار (فروخت کنندہ) کو قسط وصول کرنے کے لیے دور جانا پڑتا ہو تو آنے جانے کا کرایہ بھی خریدار سے وصول کرنا جائز نہیں، ہاں فروخت کرتے وقت قیمت بڑھا کر فروخت کر سکتا ہے، تا کہ آنے جانے کے اخراجات کے پیسے بھی نکل آئیں۔