مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ اور یورپ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے حوالے سے حالیہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
سیکریٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و یورپ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان نہ صرف بےرحم بلکہ فلسطینی عوام کی زندگیوں اور حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔ کسی بھی علاقے پر ملکیت کی تجویز خود مختاری اور خود ارادیت کے اصولوں کی توہین ہے جو بین الاقوامی قانون میں برقرار ہیں۔
علامہ چشتی نے برطانیہ اور دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ جمعے کے خطبے کو صدر ٹرمپ کے بیان کے خلاف شعور اُجاگر کرنے اور بولنے کےلیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں۔
انہوں نے فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے برادریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی دعاؤں اور مباحثوں میں انصاف اور فلسطینیوں کے حقوق کی وکالت کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بیانات پر خاموش نہیں رہ سکتے جو پہلے ہی ناقابل تصور مشکلات کا سامنا کرنے والی کمیونٹی کو حاشیے پر ڈالنے اور اس پر ظلم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
علامہ چشتی نے مزید کہا کہ فلسطین میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کرنا ہمارا فرض ہے۔