کینیڈا کے دارالحکومت اٹاوہ میں واقع ہائی کمیشن آف پاکستان میں یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ہائی کمشنر آف پاکستان محمد سلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی خود مختاری کی جائز جدوجہد میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
تقریب میں کشمیری کمیونٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے مختلف کمیونیٹیز کے وفود کو مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال سے آگاہ کیا۔
مزید برآں ٹورنٹو، مانٹریال اور وینکوور میں قائم پاکستانی قونصل خانوں میں بھی یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے حوالے سے دستاویزی فلموں اور تصاویر کی نمائش کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا گیا۔