• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ارب پتی گوتم اڈانی کے بیٹے کی سادگی سے شادی، 10 ہزار کروڑ عطیہ کرنے کا اعلان

فوٹو: ایکس گوتم اڈانی
فوٹو: ایکس گوتم اڈانی

بھارت کے بڑے بزنس گروپ ’اڈانی گروپ‘ کے مالک گوتم اڈانی کے سب سے چھوٹے صاحبزادے جیت اڈانی ایک سادہ تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

جیت اڈانی کی کاروباری شخصیت جیمین شاہ کی بیٹی دیوا جیمین شاہ سے شادی ہوئی، تقریب کی تصاویر ان کے والد گوتم اڈانی نے ایک خوبصورت پیغام کے ساتھ شیئر کی ہیں، اس کے ساتھ ہی گوتم اڈانی نے 10 ہزار کروڑ عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

گوتم اڈانی نے شادی کی تصاویر  شیئر کرنے کے ساتھ پیغام لکھا کہ، جیت اور دیوا آج شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔ یہ تقریب احمد آباد میں روایتی رسومات کے ساتھ قریبی احباب کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

فوٹو: ایکس گوتم اڈانی
فوٹو: ایکس گوتم اڈانی

بھارتی بزنس مین نے تقریب سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ  تقریب انتہائی نجی تھی، جس کی وجہ سے ہم تمام خیرخواہوں کو مدعو نہیں کر سکے، جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، میں دیوا اور جیت کےلیے سب کی محبت اور دعاؤں کا طلب گار ہوں۔"

بھارتی میڈیا کے مطابق جیت اڈانی کی شادی کی تقریبات آج دوپہر 2 بجے احمد آباد کے اڈانی ٹاؤن شپ "شانتی گرام" میں منعقد ہوئیں۔ تمام رسومات جین اور گجراتی ثقافت کے مطابق ادا کی گئیں۔

گوتم اڈانی نے شادی کے موقع پر 10,000 کروڑ (بھارتی روپے) عطیہ کرنے کا اعلان کیا، جو مختلف سماجی فلاحی کاموں میں استعمال کیے جائیں گے۔

 ذرائع کے مطابق، اس رقم کا بڑا حصہ صحت، تعلیم اور مہارت کی ترقی کے بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق جیت اڈانی اور دیوا جیمین شاہ نے اپنی ازدواجی زندگی کی شروعات ایک فلاحی عہد سے کی ہے۔ جوڑے نے ہر سال 500 معذور خواتین کی شادی کےلیے 10 لاکھ روپے فی دلہن عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ اپنے بیٹے کی شادی سے متعلق گوتم اڈانی نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ شادی کی تقریب "سادہ اور روایتی" ہوگی، اور یہ کوئی ستاروں سے سجی ہوئی پرتعیش تقریب نہیں ہوگی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید