• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راکیش روشن نے سیف علی خان، ریتھک روشن کی فلم وکرم ویدھا کو کیسا پایا؟

بطور فلم ساز راکیش روشن نے سیف علی خان اور ریتھک روشن جیسے ستاروں کی اداکاری سے مزین ری میک فلم ’وکرم ویدھا‘ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

وکرم ویدھا 2017ء میں اسی نام سے بننے والی تامل فلم کا ہندی ری میک ہے جو 30 ستمبر کو ریلیز ہورہی ہے، راکیش نے بطور فلمساز دونوں فلمیں دیکھنے کے بعد اپنے خیالات ظاہر کیے۔

راکیش روشن نے بتایا کہ فلم وکرم ویدھا کے ہندی ورژن میں ایکشن اور تھرلر کو برقرار رکھتے ہوئے اسے فلم بینوں تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کو بطور فلم ساز راکیش روشن نے بتایا کہ میں نے ساؤتھ کی اوریجنل کے ساتھ اپنی فلم کا جائزہ لیا، میں اب کہہ سکتا ہوں کہ یہ بلاک بسٹر ثابت ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف علی خان اور ریتھک روشن نے فلم میں بھرپور اداکاری کی، دونوں کی پرفارمنس میں تھوڑا سا بھی عدم توازن نہیں، اگر ایسا ہوتا تو اس کا اثر کم ہوجاتا۔

راکیش روشن نے مزید کہا کہ ریتھک کے والد کے طور پر میں کچھ متعصب لگ سکتا ہوں لیکن بطور فلمساز میں کہہ سکتا ہوں کہ دونوں ایکٹرز نے برابر کی پرفارمنس دی۔

ان کا کہنا تھا کہ وکرم ویدھا 2017ء میں تامل زبان میں بنی، جسے پشکر گائتری نے ڈائریکٹ کیا، وہی اس کے ہندی ری میک کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔

فلمساز نے یہ بھی کہا کہ پشکر جی نے فلم کو اصل ورژن سے مختلف لیکن الگ ہی پہنچان دی ہے، تاہم اوریجنل فلم کا جوہر برقرار رکھا گیا ہے، یہی چیز ڈائریکٹر کا جادو کہلاتی ہے۔

راکیش روشن کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے تامل وکرم ویدھا دیکھی اور اس کے بعد سیف علی خان اور ریتھک روشن کی فلم دیکھی تو مجھے نہیں لگا کہ یہ کوئی ری میک ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے ہندی ورژن دیکھنے کے بعد ہدایت کار کے کام کی تعریف کی اور انہیں گلے لگایا اور اس کے بعد سیف علی خان کو میسج کیا کہ تمہارے بغیر یہ فلم ادھوری رہتی۔

فلم میں ریتھک روشن، سیف علی خان کے ساتھ روہیت سراف اور رادھیکا آپٹے بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید